اردوئے معلیٰ

Search

ان کو آتا ہے رب العلی کا سلام

سب ملائک کا کل انبیاء کا سلام

اصفیا، اتقیا، اولیا کا سلام

ان پہ ہر اہلِ قلب و سخا کا سلام

یا رسول معظم علیک سلام

 

وہ ھمارے نبی، وہ خدا کے نبی

لوحِ محفوظ و عرش العلی کے نبی

وہ رسل کے رسول، انبیا کے نبی

آپ ہیں ساری خلقِ خدا کے نبی

آپ پر ساری خلقِ خدا کا سلام

 

مصطفی، خلقِ اعظم، صلوت و سلام

مجتبی، رشکِ آدم، صلوت و سلام

وہ رسولِ مکرم، صلوت و سلام

ان کی خدمت میں ہر دم، صلوت و سلام

ان پہ جنت کی آب و ھوا کا سلام

 

ھے سلام ان کی عظمت پہ پڑھتا سلام

عرض کرتا ھے خدمت میں کعبہ سلام

ان کے تلووں کو کرتی ھے سدرہ سلام

ان کی راہِ گذر ھے سراپا سلام

ان کو روح الامیں دیں خدا کا سلام

 

جن کے سب ناز نخرے اٹھائے خدا

جن کی مرضی سے کعبہ بناۓ خدا

جن کو عرشِ بریں پر بلاۓ خدا

جن سے ملنے کو دھرتی پہ آۓ خدا

ان کی دہلیز کو منتہی کا سلام

 

جن کو محشر کا دولھا بناۓ خدا

ھو مدثر، مزمل نواۓ خدا

جن کی زلفوں کے کنڈھل بناۓ خدا

جن کے چہرے کی قسمیں اٹھاۓ خدا

ان پہ حسن و جمال و ادا کا سلام

جس نظر پر عیاں ہیں زمان و مکاں

 

یہ زمیں، وہ زمیں، سات سات آسماں

کیا بہشت و ملک، عرش، کیا لامکاں

جس پہ ھر دم عیاں، خالقِ دو جہاں

اس نظر پہ جمالِ خدا کا سلام

اس کمالِ نظر پہ خدا کا سلام

 

یونہی ہنستا رھے مصطفی کا چمن

ذکر ان کا رھے رونقِ انجمن

ان کی نعتوں سے روشن ھو میرا سخن

حشر میں بھی اٹھوں تو ھو لب پر، حسن

یا رسولِ معظم علیک سلام

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ