ان کا دنیا میں جو غلام ہوا
اس پہ رحمت کا التزام ہوا
آمدِ مصطفےٰ سے عالم میں
صنفِ نسواں کا احترام ہوا
مل گئی نسبتِ نبی جس کو
اونچا دنیا میں اس کا نام ہوا
آپ کی ذاتِ پاک کے صدقے
ماں کو حاصل بڑا مقام ہوا
بربریت بھرے زمانے میں
ہر جگہ امن کا نظام ہوا
آپ کی نعت کے سبب زاہد
دونوں عالم میں شاد کام ہوا