اردوئے معلیٰ

تمہیں لگے تو لگے کچھ بھی لا محالہ برا

کسی کا کرتا نہیں ہے خدا تعالٰی برا

 

"​ہزار شکوے لکھے، پھر لکھا "​تمہاری ہوں

سو درج ذیل تو اچھا تھا، درج بالا برا

 

تمہارے بعد نظر پر کوئی حلال نہیں

ہمارے عشق کے مسلک میں ہے حلالہ برا

 

برے تو شہر میں مشہور ہیں برے لیکن

یہاں پہ صرف میں ہوں ایک اچھے والا برا

 

کھرچ دیا کہ مجھے بولنے سے روکتا تھا

مجھے زبان پہ لگنے لگا تھا چھالا برا

 

جناب کھائیے جتنا بھی، جو بھی ہاتھ لگے

مِرے سماج میں ہے صِرف پینے والا برا

 

جنابِ منصفِ اعظم! سزا بس اتنی سی؟

تمام شہر میں مٙیں ہوں حضورِ والا برا

 

وہ پیار میں بھی کوئی دشمنی نکالتا ہے

اِک اچھے شخص سے میرا پڑا ہے پالا برا

 

تمام رشتے بہت قیمتی بنائے گئے

اگر برا ہے تو دنیا میں صرف سالا برا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ