اردوئے معلیٰ

تُمھارے نور سے روشن زمانہ یا رسول اللہ

مرے تاریک دل کو جگمگانا یا رسول اللہ

 

مجھے پھر اپنے روضے پر بُلانا یا رسول اللہ

مدینے کے حسیں منظر دِکھانا یا رسول اللہ

 

خدا رکھے سلامت خیر سے شہرِ مدینہ کو

غریبوں بے کسوں کا ہے ٹھکانہ یا رسول اللہ

 

میں دردر ٹھوکریں کھاتا بھٹکتا کیوں پھروں آقا

سلامت ہے تمھارا آستانہ یا رسول اللہ

 

خدائے پاک دیتا ہے تمہیں تقسیم کرنے کو

تمہارے در کا ہے ہراِک خزانہ یا رسول اللہ

 

تمہارے درکا کھاتے ہیں تمہارے درکا پیتے ہیں

تمہارا ہی توہےسب آب ودانہ یا رسول اللہ

 

عدو کے دل پہ ویرانی سی کر دیتا ہے یہ جا کر

ہمارا جھوم کے نعرہ لگانا یا رسول اللہ

 

میرا دم ٹوٹ جائے گنبدِ خضرا کے سائے میں

بقیعِ پاک میں مجھ کو سُلانا یا رسول اللہ

 

تمنّا ہے شہا دنیا میں جب تک میں رہوں زندہ

مدینے میں رہے بس آنا جانا یا رسول اللہ

 

مسلمانوں کو پھر سے مسجدِ اقصیٰ مِلے واپس

اِنھیں اب خوابِ غفلت سے جگانا یا رسول اللہ

 

خیالی روشنی افرنگ کی برباد کرتی ہے

شہا سب اہلِ ایماں کو بچانا یا رسول اللہ

 

تمنّا ہے دلِ مرزا کی جب دنیا سے ہو رُخصت

ہو اس کے لب پہ نعتوں کا ترانہ یا رسول اللہ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ