اردوئے معلیٰ

تیری عظمت کا ہو کیسے کچھ بیاں ربِّ کریم

تیری قدرت ذرے ذرے سے عیاں ربِّ کریم

 

اپنی قُدرت سے زمیں کو فرش تُو نے کر دیا

تو نے ہی پیدا کئے سب آسماں ربِّ کریم

 

ہے رگِ جاں سے بھی تُو نزدیک تر میرے خدا

جانتا ہے دل کی بھی سرگوشیاں ربِّ کریم

 

اپنے بندوں پر تُو ستر ماؤں سے بھی بیش تر

مہرباں ہے مہرباں ہے مہرباں ربِّ کریم

 

ایک قطرہ مجھ کو بہرِ مصطفیٰ کردے عطا

لُطف تیرا ایک بحرِ بے کراں ربِّ کریم

 

نیند کیا ہے اُونگھ بھی تجھ کو کبھی آتی نہیں

آیت الکرسی میں ہے تیرا بیاں ربِّ کریم

 

مالکِ ارض و سما یا خالقِ جنّ و بشر

اپنے پیارے کا دکھا دے آستاں ربِّ کریم

 

اپنے مرزا کو عطا بخشش کی اب خیرات ہو

میرے شافع ہیں شفیعِ عاصیاں ربِّ کریم

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ