اردوئے معلیٰ

جانِ رحمت ہے آپ کی سیرت

شانِ قدرت ہے آپ کی سیرت

 

راہ بھولوں کو راہبر کر دے

کیا بصیرت ہے آپ کی سیرت

 

جس سے بڑھتی ہے باہمی الفت

حسنِ حکمت ہے آپ کی سیرت

 

مہکی مہکی معاشرت جس سے

نور و نکہت ہے آپ کی سیرت

 

جس سے کھلتی ہیں خیر کی راہیں

راہِ جنّت ہے آپ کی سیرت

 

جس سے مٹتی ہیں نفرتیں ساری

مہر و الفت ہے آپ کی سیرت

 

جس سے بٹتی ہیں راحتیں ہر سُو

بحرِ راحت ہے آپ کی سیرت

 

جس سے خوشیوں کے دیپ جلتے ہیں

نُورِ بہجت ہے آپ کی سیرت

 

کون دیتا ہے عزّتیں سب کو

سب کی عزّت ہے آپ کی سیرت

 

جس میں خورد و کلاں برابر ہیں

وہ عدالت ہے آپ کی سیرت

 

جس سے دشمن بھی فیض پاتے ہیں

وہ سخاوت ہے آپ کی سیرت

 

جس سے اعلیٰ ہوں خلقِ انسانی

فیضِ صحبت ہے آپ کی سیرت

 

لکھتا رہتا ہوں آپ کی نعتیں

ختمِ منّت ہے آپ کی سیرت

 

لکھتے لکھتے ہی جاں نکل جائے

قرضِ نعمت ہے آپ کی سیرت

 

نوری بندہ ہے آپ کا شاہا

وجہِ شہرت ہے آپ کی سیرت

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔