اردوئے معلیٰ

حرم میں بارش انوار دیکھنے چلیے

وہیں ہے مولد سرکار دیکھنے چلیے

 

نظر میں خانۂ کعبہ رہے تو بہتر ہے

عبث نہ کوچہ و بازار دیکھنے چلیے

 

منیٰ و وادئ عرفات اور مزدلفہ

بلا رہے ہیں تو اس بار دیکھنے چلیے

 

جنون شوق سعی کا لیے ہوئے ہمراہ

صفا و مروہ کے آثار دیکھنے چلیے

 

خدا کے فضل سے ارکان حج ہوئے پورے

رسول پاک کا دربار دیکھنے چلیے

 

ادب کے ساتھ درود و سلام پڑھتے ہوئے

نبی کے روضے کے انوار دیکھنے چلیے

 

جو قرب سرور کون و مکاں میں رہتے ہیں

وہ صبح و شام گہر بار دیکھنے چلیے

 

ریاض جنہ میں پڑھنے بصد خلوص نماز

نبی کی مسجد ضوبار دیکھنے چلیے

 

جمال گنبد خضریٰ کی دید کو اے نورؔ

دیار سید ابرار دیکھنے چلیے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ