اردوئے معلیٰ

Search

حُسن کا مرکز سراپا آپ کا

کس قدر پُرنور نقشہ آپ کا

 

آپ کے اعضا توازن میں مثال

قدّ و قامت درمیانہ آپ کا

 

زُلف ہے والّیل ، اَبرو ہیں ہلال

چاند سا ماتھا کُشادہ آپ کا

 

خوبرو آنکھیں ہیں دونوں سرمُگیں

والضحیٰ مکھڑا ہے پیارا آپ کا

 

کُن کی کنجی ہے زباں بس آپ کی

رونقِ کُل مسکرانا آپ کا

 

آپ کا شیریں سخن سلطانِ من

اور الم نشرح ہے سینہ آپ کا

 

مخزنِ رشد و ہدایت ہر قدم

اور شفاعت اک اشارہ آپ کا

 

جس کو جو کچھ مل رہا ہے یا نبی

پانی ، پانی ، دانہ ، دانہ آپ کا

 

اس رضاؔ کو بھی نظارہ دیجیئے

یہ بھی ہے سائل پُرانا آپ کا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ