اردوئے معلیٰ

Search

دل عطر بیز تارِ نفس مشکبو کریں

محبوبِ رب کا آئیے ذکرِ نکو کریں

 

قلبِ سیاہ رو کو ہم آئینہ رو کریں

خلوت ہو یا کہ بزم تری گفتگو کریں

 

تا اوجِ عرش پائیں گے اس کے نقوشِ پا

اس کے نقوشِ پا کی اگر جستجو کریں

 

صادق ہے وہ، امیں ہے وہ، عالی نسب ہے وہ

تسلیم اس قدر تو سب اس کے عدو کریں

 

پوچھے کوئی جو سیرتِ پاکِ نبی ہے کیا

قرآں اٹھا کہ اس کے ذرا روبرو کریں

 

میخانۂ حجاز کی ہو اور وہ بھی مفت

پی پی کہ جام آئیے خالی سبو کریں

 

دیدارِ روضۂ نبوی کو ہے شرطِ عشق

آنکھیں زلالِ اشک سے پہلے وضو کریں

 

اونچا مقام ان کا ہے جنت انہیں کی ہے

تقلید آنحضور کی جو ہو بہو کریں

 

لائیں بروئے کار اسی کا نظامِ دیں

دل غم سے چاک چاک ہے فکرِ رفو کریں

 

جانے کی آرزو ہے نظرؔ بر درِ حضور

آنے کی کیا پڑی ہے کہ ہم آرزو کریں

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ