اردوئے معلیٰ

Search

دنیا میں جن کے نُور کی چھائی ہے روشنی

آنکھوں نے ان کے نُور سے پائی ہے روشنی

 

غارِ حرا سے نُور کی پھوٹی ہے جو کرن

ظلمت سے دُور سب کو وہ لائی ہے روشنی

 

دنیا و آخرت میں وہی سرخرو ہوئے

جس نے بھی زندگی میں کمائی ہے روشنی

 

بطحا کے آسمان پہ چمکا عرب کا چاند

ہر سو اسی قمر کی ہی چھائی ہے روشنی

 

میرے نبی کا حکم ہے مخلوق کا سدا

کرتے رہو بھلا کہ بھلائی ہے روشنی

 

تطہیر تن کی حصۂ ایمان بھی ہے سچ

پر جان لو کہ من کی صفائی ہے روشنی

 

چھائی ہوئی تھیں چار سو تاریکیاں جلیل

میرے نبی نے آکے دکھائی ہے روشنی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ