اردوئے معلیٰ

دیارِ محمد سے کیا بن کے آئی

نسیمِ سحر دل کشا بن کے آئی

 

خدا کی قسم رہنما بن کے آئی

دلیلِ خدا مصطفیٰ بن کے آئی

 

خلیلِ خدا نے کہ چاہی دعا میں

وہ ہستی حبیبِ خدا بن کے آئی

 

اسی ذات سے آسماں بھی ہیں روشن

جو ظلمت کدے میں ضیا بن کے آئی

 

جو ساعت کہ گزری تھی ان کی ثنا میں

تجلی وہ تحت الثریٰ بن کے آئی

 

وہ ہستی کہ مستجمعِ خلقِ کُل ہے

نظرؔ شانِ ربِ عُلا بن کے آئی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ