اردوئے معلیٰ

Search

رحمتِ کل جہاں ہیں رحمتِ کل

شاہِ کون و مکاں ہیں سطوتِ کل

 

وہ شفاعت کریں گے محشر میں

ان کی مرضی پہ ہے شفاعتِ کل

 

وہ جو سلطانِ انبیا ٹھہرے

ہے انہی کے لئے امامتِ کل

 

سب سے عالی نسب مرے آقا

ان کی گھٹی میں ہے شرافتِ کل

 

زندگی ان کی ہے کتابِ ھدیٰ

نطقِ عالی ہوا بلاغتِ کل

 

آگے سدرا سے ہے سفر جن کا

سو انہی کے لئے ہے رفعتِ کل

 

ہو گیا دیں حضور پر کامل

اور انہی پر تمام نعمتِ کل

 

جنکے حسنین وارثِ جنت

ان کو بخشی گئی سیادتِ کل

 

ساریہ نے سنی صدائے عمر

بخش دی آپ نے سماعتِ کل

 

وہ ہیں تسکینِ دل جلیل ان کا

نامِ نامی ہوا ہے راحتِ کل

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ