اردوئے معلیٰ

سب اندھیروں کو مٹانے کے لیے آپ آئے

مہر ذروں کو بنانے کے لیے آپ آئے

 

یا نبی ! بادِ شفاعت سے گنہگاروں کے

دامنِ تر کو سُکھانے کے لیے آپ آئے

 

نارِ آلام و مصائب سے جَلے لوگوں کو

باغِ فرحت میں بسانے کے لیے آپ آئے

 

آقا پیدل ہے تو ناقہ پہ ہے موجود غلام

یوں مساوات سکھانے کے لیے آپ آئے

 

بیٹیوں کو جو کیا کرتے تھے زندہ در گور

ان کو انسان بنانے کے لیے آپ آئے

 

آپ کی شان رَفَعنا لَکَ ذِکرَک ٹھہری

سارے گِرتوں کو اٹھانے کے لیے آپ آئے

 

نوعِ انساں کو بَہائم سے جو ممتاز کریں

ایسے آداب سکھانے کے لیے آپ آئے

 

حسنِ دنیائی کے چکّر میں پڑے لوگوں کو

حسنِ ازلی سے مِلانے کے لیے آپ آئے

 

عہدِ میثاق میں روحوں نے کہا تھا جو ” بَلٰی ”

وہ صدا یاد دِلانے کے لیے آپ آئے

 

بحرِ تذلیل میں ڈوبوں کو معظمؔ کر کے

تختِ عِزّت پہ بٹھانے کے لیے آپ آئے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔