اردوئے معلیٰ

 

صاحبِ جود و سخاوت کون ہے تیرے سوا

قاسمِ ہر ایک نعمت کون ہے تیرے سوا

 

کس کے دم سے رتبۂ عالی پہ ہے آدم نژاد

رشک گاہِ آدمیت کون ہے تیرے سوا

 

درجۂ ختمِ رسل پر کون ہے جلوہ فگن

لائقِ ختمِ نبوت کون ہے تیرے سوا

 

بخشوائے گی گنہگاروں کو جو محشر کے دن

کس نے پائی ہے یہ قدرت کون ہے تیرے سوا

 

جب الیٰ غیری الیٰ غیری صدائیں ہوں بلند

جو کرے سب کی شفاعت کون ہے تیرے سوا

 

ذکر جس کا خود خدائے پاک نے رکھا رفیع

ایسا ممدوحِ جلالت کون ہے تیرے سوا

 

جس کی نکہت پر ہے قرباں ہر صبیح و ہر ملیح

وہ نمک آگیں صباحت کون ہے تیرے سوا

 

ہے اگرچہ درمیاں چودہ صدی کا فاصلہ

پھر بھی ایماں کی حرارت کون ہے تیرے سوا

 

پھر کے تیرے در سے منظرؔ جائے گا کیونکر کہیں

مرکزِ رشد و ہدایت کون ہے تیرے سوا

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔