اردوئے معلیٰ

Search

 

فرازِ عرش پہ معراجِ معنوی کیا ہے

درِ نبی ہو میسّر تو بندگی کیا ہے

 

خدا گواہ! مسلسل ہے بولتا قرآں

حضور سیّد عالم کی زندگی کیا ہے

 

ہر ایک سانس کی آواز یا رسول اللہ

ہم اہلِ عشق کا مفہوم زندگی کیا ہے

 

بغیر ان کے عبادت کا حق بھی ہے ناحق

مقام حشر میں تم دیکھنا ابھی کیا ہے

 

خدائی بھر میں خدا ساز کثرتِ جلوہ

خدا سے پوچھو مقام محمدی کیا ہے

 

ہم ان کے نام سے مخمور و مست رہتے ہیں

خطا معاف ہو کوثر کی مے کشی کیا ہے

 

ہمارے آنسووں میں روحیں مسکراتی ہیں

غمِ حسین سلامت تو پھر خوشی کیا ہے

 

کہاں میں اور کہاں مدح مالکِ کونین

صبیحؔ ان کا کرم ہے یہ شاعری کیا ہے

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ