اردوئے معلیٰ

فیضِ ذکرِ رسولِ امیں دیکھئے

شاد ہیں سارے قلبِ حزیں دیکھئے

 

اُن کی تعظیم و تکریم میں آج بھی

آسماں کی بھی خم ہے جبیں دیکھئے

 

اُن کا طیبہ مدینہ ہے انوار کا

خلد سے بڑھ کے خلدِ بریں دیکھئے

 

شہنشاہی ہے کون و مکاں پر مگر

کھا رہے ہیں وہ نانِ جویں دیکھئے

 

کہکشاؤں کو بھی نور بخشا گیا

مرحبا! آمدِ مہ جبیں دیکھئے

 

ایسے کامل تریں ہیں نبی مصطفی

جن کا ثانی جہاں میں نہیں دیکھئے

 

اُن کو حاصل ہوئی رب کی قربت رضاؔ

جو ہوئے اُن کے در کے قریں دیکھئے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ