لفظِ سکون میں بھی کہاں اس قدر سکوں
جتنا حضور آپ کے دربار پر سکوں
ہر چیز مصطفٰی کا مدینہ تو ہے نہیں
دل میں جگہ بنا لے تو پھر عمر بھر سکوں
سمجھا نہیں ہے عظمتِ دربارِ مصطفٰی
ڈھونڈے فقیرِ طیبہ اگر دربدر سکوں
دنیائے مضطرب کو کوئی تو شعور دو
ہیں جس طرف حضور ملے گا اُدھر سکوں
پھر یوں ہوا کہ گنبدِ خضرٰی پہ جا پڑی
کرتے ہوئے تلاش ہماری نظر سکوں
پھر پھر کے ڈھونڈتا ہے غلامانِ یار کو
رہتا ہے کائنات میں محوِ سفر سکوں
جب سے تبسم اُن کی ثناء بولنے لگا
رہتا ہے اِس کے دل سے بہت با خبر سکوں