اردوئے معلیٰ

لفظ محمد سوچ کا قبلہ، صلی اللہ علیہ وسلم

فکر کا معبد، دھیان کا کعبہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

چین وہی، تسکین وہی ہے وقتِ نزع یاسین وہی ہے

رحمتِ عالم اس کا رُتبہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

جس میں چلیں بازارِ مقدس، جس میں رکیں وہ غارِ مقدس

جس میں بسیں وہ شہرِ مدینہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

مطلعٔ مہرِ بصیرت کہیے، منبعٔ نورِ ہدایت کہیے

صبح کی ساعت آپ کا چہرہ صلی اللہ علیہ وسلم

 

کمزوروں کا بوجھ اٹھانا، دشمن پر شفقت فرمانا

آپ کی عادت آپ کا شیوہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

رحمتِ یزداں جسم ہے ان کا، حلِ مسائل اسم ہے ان کا

مظلوم و محکوم کو مژدہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

بے پرَ کی پرواز وہی ہے، بے دَر کی آواز وہی ہے

بے سرمایوں کا سرمایہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

ذہن کو اس سے سیرابی ہو، قلب کو اس سے شادابی ہو

عقل کا نعرہ عشق کا نغمہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

غم کا طویل سفر ہے آقا، تنہائی کا ڈر ہے آقا

میں نے کیا ہے آپ پہ تکیہ، صلی اللہ علیہ وسلم

 

آقا ایسا قحطِ ہوا ہے، حَبس رگوں تک آ پہنچا ہے

گنبدِ خضریٰ ایک دریچہ، صلی اللہ علیہ وسلم

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ