محبوب خدا صاحب قرآن وغیرہ
تیرے ہیں لقب سید و سلطان وغیرہ
کیا محفل میلاد سجی تھی ترے گھر میں
خوشبو میں نہائے ہیں جو دالان وغیرہ
اے ذرۂ طیبہ تری رعنائی کے آگے
کیا چیز ہیں یہ زہرہ و کیوان وغیرہ
نسبت سے تری ہوگیے بے مثل جہاں میں
ایوب و انس ، بو ذر و سلمان وغیرہ
اے گنبدِ خضریٰ تری ہریالی کے صدقے
سر سبز ہیں سب باغ و گلستان وغیرہ
آقا ہیں سبھی عطر ترے پاؤں کا دھوون
تجھ پر ہیں فدا سب گل و گلدان وغیرہ
اے نورؔ غلام شہ دیں لکھ دو جبیں پر
بے فیض ہیں اور جتنے ہیں عنوان وغیرہ