درود آپ پہ آقا کہ صورتِ زیبا
سلام آپ پہ شاہا کہ آپ ہیں یکتا
درود آپ پہ آقا کہ حکم ہے رب کا
سلام آپ پہ شاہا یہ کام ہے سب کا
درود آپ پہ سرکار بھیجتا ہے رب
سلام آپ پہ بندے بھی بھیجتے ہیں سب
درود آپ پہ آقا کمالِ خلق ہیں آپ
سلام آپ پہ شاہا جمالِ خلق ہیں آپ
درود آپ پہ آقا کہ آپ کی صورت
سلام آپ پہ شاہا فروغِ صد طلعت
درود آپ پہ آقا کہ آپ کی سیرت
سلام آپ پہ شاہا ہے سر بہ سر رحمت
درود آپ پہ آقا عجب ہے تیغ کی کاٹ
سلام آپ پہ شاہا مٹائے کفر کے ٹھاٹ
درود آپ پہ آقا مرے کریم مغیث
سلام آپ پہ شاہا شریر سب ہیں خبیث
درود آپ پہ آقا فسادِ فکر ہے آج
سلام آپ پہ شاہا گریں یہ تخت یہ تاج
درود آپ پہ آقا بھٹک گئی جو سوچ
سلام آپ پہ شاہا کہ لُوں گا اس کو دبوچ
درود آپ پہ آقا کلام آپ کا سچ
سلام آپ پہ شاہا پیام آپ کا سچ
درود آپ پہ آقا کہ بات ہے راسخ
سلام آپ پہ شاہا کہ دینِ ہے ناسخ
درود آپ پہ آقا جہاں میں آل فراخ
سلام آپ پہ شاہا ہے گل بہ گل ہر شاخ
درود آپ پہ آقا جمالِ قوس و قزَح
سلام آپ پہ شاہا کمالِ ذوق و فرح
درود آپ پہ آقا جمال کی تشریح
سلام آپ پہ شاہا حیات کی توضیح
درود آپ پہ آقا شعور کی تصریح
سلام آپ پہ شاہا حیات کی توضیح
درود آپ پہ آقا بلا حساب و عدد
سلام آپ پہ شاہا رہے گا تا بہ ابد
درود آپ پہ آقا ہے خیر کا ماخذ
سلام آپ پہ شاہا نجات کا منفذ
درود آپ پہ آقا مٹے گا ہر پا کھنڈ
سلام آپ پہ شاہا دبے غرور گھمنڈ
درود آپ پہ آقا کمالِ حسنِ قمر
سلام آپ پہ شاہا طلوعِ نُورِ سحر
درود آپ پہ آقا کہ بڑھ رہا ہے بگاڑ
سلام آپ پہ شاہا ٹلیں ستم کے پہاڑ
درود آپ پہ آقا جگر سے جاں سے عزیز
سلام آپ پہ شاہا یقیں گماں سے عزیز
درود آپ پہ آقا کھلے نہ کفر کی ژاژ
سلام آپ پہ شاہا ہو سارا شر سبوتاژ
درود آپ پہ آقا حضورِ حق ہے سپاس
سلام آپ پہ شاہا ہے میرے دیں کی اساس
درود آپ پہ آقا مجھے نوائے سروش
سلام آپ پہ شاہا ہے دھڑکنوں کا خروش
درود آپ پہ آقا رہِ وفا میں خلوص
سلام آپ پہ شاہا گواہ جس پہ نصوص
درود آپ پہ آقا کھلیں عطا کے ریاض
سلام آپ پہ شاہا بھری رہے یہ بیاض
درود آپ پہ آقا کہاں تھی میری بساط
سلام آپ پہ شاہا ملی خدا سے صراط
درود آپ پہ آقا رکھیں ہمیں ملحوظ
سلام آپ پہ شاہا کہ دین ہے محفوظ
درود آپ پہ آقا ہے طرح دار ربیع
سلام آپ پہ شاہا ہے مشکبار ربیع
درود آپ پہ آقا سعادتوں کی ربیع
سلام آپ پہ شاہا بشارتوں کی ربیع
درود آپ پہ آقا محبتوں کا فروغ
سلام آپ پہ شاہا ہے شفقتوں کا فروغ
درود آپ پہ آقا عقیدتوں کا مطاف
سلام آپ پہ شاہا ارادتوں کا مطاف
درود آپ پہ آقا محبتوں کا طریق
سلام آپ پہ شاہا ہے جنّتوں کا رفیق
درود آپ پہ آقا ہے رفعتِ ادراک
سلام آپ پہ شاہا سفر سوئے افلاک
درود آپ پہ آقا ہے روح کی تغسیل
سلام آپ پہ شاہا حیات کی تجمیل
درود آپ پہ آقا مرے خدا کا کرم
سلام آپ پہ شاہا مری وفا کا بھرم
درود آپ پہ آقا اے رحمتِ عالم
سلام آپ پہ اے فخرِ آدم و مریم
درود آپ پہ آقا اے صاحبِ قرآن
سلام آپ پہ شاہا اے صاحبِ برہان
درود آپ پہ آقا ہے آپ کی خوشبو
سلام آپ پہ شاہا محبتوں کی نمو
درود آپ پہ آقا ہے حال اپنا تباہ
سلام آپ پہ شاہا کہ دیجے اپنی پناہ
درود آپ پہ آقا ہے بندگی رب کی
سلام آپ پہ شاہا ہے مغفرت سب کی
درود آپ پہ آقا کہ اذنِ نعت ملے
سلام آپ پہ شاہا ظفر ثنا میں رہے