نعت تب ہوتی ہے جب دل پہ ہو تنزیل کوئی
نطق کو اذنِ نبی سے ملے ترتیل کوئی
وہ احد ہے کہ تجھے جس نے دیا خلقِ عظیم
لائے کیسے مرے آقا تری تمثیل کوئی
احمد و حامد و محمود و محمد میں ہے
رفعتِ میم کی ممکن نہیں تفصیل کوئی
ہر صحیفے میں ہوا ذکرِ محمد روشن
ہر شبِ تار کو بخشی گئی قندیل کوئی
جو گئی رات عطا مجھ کو ہوا اذنِ حرم
کردے اس خواب کی تعبیر میں تعجیل کوئی
نام سرکار کا جب بر سرِ دیواں لکھا
حکمِ نادیدہ کی جیسے ہوئی تعمیل کوئی
مصرفِ نعت میں منظرؔ کو ہمیشہ رکھنا
اس پہ ہوتی رہے انعام کی ترسیل کوئی