نہیں ہے اپنی تباہی کا کچھ ملال مجھے
تو کیا دکھائی نہیں دیتا اپنا حال مجھے ؟
مجھے اُداسی کا سرطان تھا سو ڈرتے تھے لوگ
سو آپ کرنا پڑی اپنی دیکھ بھال مجھے
تُو ایک نخلِ جواں ، تیرا بوڑھا مالی مَیں
ترے عروج پہ بخشا گیا زوال مجھے
سخی! میں کسی اور در پہ جا نہیں سکتا
ترے ہی در کا بھکاری ہوں ، لاکھ ٹال مجھے
ہنر ورو! مرے فن پر کرو گے کیا تحقیق
سوائے غم نہیں حاصل کوئی کمال مجھے
میں تیری راہ میں بیٹھا ہوں اُٹھ نہ جاؤں کہیں
خدا کے واسطے کر ڈال پائمال مجھے
لباسِ عمر مرے جسم و جاں پہ تنگ رہا
کبھی جچے ہی نہیں میرے ماہ و سال مجھے
میں آدمی ہوں فرشتہ نہیں مگر ترے بعد
کبھی نہ آیا کسی اور کا خیال مجھے