اردوئے معلیٰ

وہ مسیحا قبر پر آتا رہا

میں موے پر روز جی جاتا رہا

 

زندگی کی ہم نے مر مر کے بسر

وہ بت ترسا جو ترساتا رہا

 

واہ بخت نارسا دیکھا تجھے

نامہ بر سے خط کہیں جاتا رہا

 

راہ تکتے تکتے آخر جاں گئی

وہ تغافل کیش بس آتا رہا

 

دل تو دینے کو دیا پر ہم نشیں

ہاتھ میں مل مل کے پچھتاتا رہا

 

دیکھ اس کو ہو گیا میں بے خبر

دل یکایک ہاتھ سے جاتا رہا

 

کیا کہوں کس طرح فرقت میں جیا

خون دل پیتا تو غم کھاتا رہا

 

رات بھر اوس برق وش کی یاد میں

سیل اشک آنکھوں سے برساتا رہا

 

ڈھونڈھتا پھرتا ہوں اس کو جا بہ جا

دل خدا جانے کدھر جاتا رہا

 

اس مسیحا کی امید وصل میں

شام جیتا صبح مر جاتا رہا

 

عشق کا رعناؔ مرض ہے لا دوا

کب سنا تو نے کہ وہ جاتا رہا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے

اشتہارات

لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔

حالیہ اشاعتیں

اشتہارات

اشتہارات