پر حقیقت حضور کا چہرہ
حق کی صورت حضور کا چہرہ
مرکزِ چشمِ عالمیں ٹھہرا
پروجاہت حضور کا چہرہ
جسم جنت میں ساری کی ساری
زیب و زینت حضور کا چہرہ
ہے رعایا تمام خلقِ خدا
بادشاہت حضور کا چہرہ
غم میں ڈوبے گناہ گاروں کی
استراحت حضور کا چہرہ
وہ ہیں موضوعِ بوئے باغِ جناں
جن کی مدحت حضور کا چہرہ
رویتِ عاصیاں ہے سوئے کرم
اُس کی رویت حضور کا چہرہ
اے تبسم تو بے جھجھک کہہ دے
شرحِ قدرت حضور کا چہرہ