اردوئے معلیٰ

پُرکیف زندگی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

ہر دم نئی خوشی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

دونوں جہاں کی ساری ہیں نعمتیں مُہیا

کس چیز کی کمی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

آقا کے دم قدم سے یثرب ہوا مدینہ

ہر سمت روشنی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

صدقے میں پنجتن کے جو چاہو اُن سے پاؤ

ہر چیز مل رہی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

سارے جہاں سے رب کی مخلوق آرہی ہے

دُنیا بسی ہوئی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

طیبہ کا ذرّہ ذرّہ خورشید بن کے اُبھرا

تابندگی ملی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

خیرات لینے آتا ہے چاند اُن کے در پر

ہر لمحہ چاندنی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

باغِ ارم کی خوشبو مہکا رہی ہے سب کو

وہ کیفِ سرمدی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

 

خاکیؔ کی نعت گوئی تب مستند ہوئی ہے

اِک نعت جب کہی ہے دربارِ مصطفیٰ میں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ