اردوئے معلیٰ

کذب کے وہم سے بھی مبرّا ہے سچ

سچ یہی ہے شہا ! تو سراپا ہے سچ

 

اگلے نبیوں کو رب نے سنایا ہے سچ

خاتم الانبیا کو دکھایا ہے سچ

 

تیرے پس خوردہ کو بھی نہ جھوٹا کہوں

اس قدر تجھ میں آقا ! سمایا ہے سچ

 

تیری شیریں بیانی سے میٹھا ہوا

ورنہ مشہور یہ ہے کہ کڑوا ہے سچ

 

تیرے عصرِ مبارک میں اعزاز تھا

اور مرے دور میں جرم ٹھہرا ہے سچ

 

میرے مصدوق و صادق کا ہے وصفِ خاص

نطق تو نطق ہے اس نے سوچا ہے سچ

 

جَاءَ بِالصِّدقِ شاہد معظمؔ کہ وہ

قاطعِ کذب و بطلان لایا ہے سچ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔