کر دیا رب نے عطا رزقِ سخن نعت ہوئی
ہو گئے راضی مرے شاہِ زمن نعت ہوئی
گلشنِ طیبہ سے چن لی ہیں ثنا کی کلیاں
کھل اٹھا جب مرے سینے میں چمن نعت ہوئی
چاند راتوں کو ملی آپ کے چہرے سے ضیا
سج گیا نور سے جب نیل گگن نعت ہوئی
دل کی حسرت ہے ثنا کرتی رہوں شام و سحر
اوجِ افلاک پہ پہنچی یہ لگن نعت ہوئی
مجھ میں تو وصف نہیں ان کا کرم ہے واللہ
جب ہوئی آپ کی یادوں میں مگن نعت ہوئی
کوئے زہرا سے ملی ناز کو مدحت کی ضیا
صدقۂ مولا حسین اور حسن نعت ہوئی