کسی کا ذکر کروں کیوں میں شاعری کے لیے
نبی کا ذکر ضروری ہے زندگی کے لیے
حضور آپ کی رحمت بھری نظر ہو پھر
تڑپ رہا ہے یہ روضے کی حاضری کے لیے
سخن کا حسن غزل کو نہ جانیے گا کبھی
نبی کی نعت ہی بہتر ہے تازگی کے لیے
حضور آپ کی مدحت کے فیض سے جانا
ثنائے پاک ضروری ہے بندگی کے لیے
سکونِ قلب، ضیائے حیات، مدحِ نبی
درودِ پاک معاون ہے روشنی کے لیے
حیات مدحِ نبی میں بسر ہو گر زاہدؔ
یہی کمال ہے واللہ آدمی کے لیے