اردوئے معلیٰ

کہاں اب تک یہ دنیا کر سکی ہے یا رسول اللہ

ثنا تیری کچھ ایسی چیز ہی ہے یا رسول اللہ

 

قیامت تک تری پیغمبری ہے یا رسول اللہ

فقط تیری ہی اب شاہنشہی ہے یا رسول اللہ

 

خلیل اللہ سے نسبت تری ہے یا رسول اللہ

تو ہے عالی نسب تو ہاشمی ہے یا رسول اللہ

 

تمہارے حسن میں وہ دلکشی ہے یا رسول اللہ

بیاں سن کر ہی گونہ بے خودی ہے یا رسول اللہ

 

تمہارے میکشوں کو کیا کمی ہے یا رسول اللہ

حجازی میکدہ اب تک وہی ہے یا رسول اللہ

 

قیامت تک سیہ رو تیرگی ہے یا رسول اللہ

تمہارے دم سے ایسی روشنی ہے یا رسول اللہ

 

خدا کی یاد سے غافل وہ ہرگز ہو نہیں سکتا

تمہاری یاد جس دل میں بسی ہے یا رسول اللہ

 

تمہارے دم سے بزمِ کن فکاں کی رونقیں ساری

تمہیں سے سب بہارِ زندگی ہے یا رسول اللہ

 

پھرا کب کوئی لے کے اپنا دامانِ طلب خالی

تو وہ داتا ہے تو ایسا سخی ہے یا رسول اللہ

 

شفاعت جس کے حق میں ہو گئی روزِ جزا تیری

ابھی سے میں کہوں وہ جنتی ہے یا رسول اللہ

 

کرم فرمائیے شاہا نظرؔ فرمائیے مجھ پر

یہ عاصی آپ ہی کا امتی ہے یا رسول اللہ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ