اردوئے معلیٰ

گر تیرے پاس خود کی ہے پہچان کی سند

ذاتِ خدا کے ہے یہی عرفان کی سند

 

حبِ رسولِ پاک جو دل میں ہے جا گزیں

الحمد ! میرے پاس ہے ایمان کی سند

 

مجھ کو نعوتِ نور کی توفیق مل گئی

دنیا میں گویا مل گئی غفران کی سند

 

لایا ہوں اپنے ساتھ جو کہتا رہا ہوں میں

اپنی لحد میں نعت کے دیوان کی سند

 

دنیا میں ان کو مان کے خود کو سنوارلو

کافی ہے ان کے پاس تو رحمٰن کی سند

 

ان کو جو لا مکان کی قربت میں لے گئی

محبوبیت ہے عرش کے مہمان کی سند

 

اک بار پھر بلائیں گے آقا مجھے ضرور

اندر سے مل رہی ہے یہ وجدان کی سند

 

اپنے نبی کی ذات پہ پڑھ کر درودِ پاک

لے کر چلوں گا حشر کے سامان کی سند

 

اللہ کی ، حضور کی ، چاہیں اگر رضا

اکرامِ اہلِ بیت ہے انسان کی سند

 

دن رات میرے لب پہ ہے ان کی ثنا جلیل

’’جن کی ثنا میں اتری ہے قرآن کی سند‘‘

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔