اردوئے معلیٰ

گنبدِ خضرا کے سائے میں بٹھایا شکریہ

یا نبی مجھ کو مدینے میں بلایا شکریہ

 

آپ کے لُطف و کرم سے میں مدینے آ گیا

میری قسمت کا ستارہ جگمگایا شکریہ

 

مسجدِ نبوی میں آکر کیں نمازیں بھی ادا

پیارا پیارا روضہِ اقدس دِکھایا شکریہ

 

ٹھنڈی ٹھنڈی کیف آور ہے مدینے کی ہوا

مجھ کو نورانی فضاؤں میں بُلایا شکریہ

 

نیکیوں سے ہُوں تہی دامن مگر قُربان میں

مجھ نکمّے کو شہا تم نے نبھایا شکریہ

 

شرمساری ضُعف طاری اور گناہ گاری لئے

گِرتا پڑتا میں درِ اقدس پہ آیا شکریہ

 

رات دن رحمت برستی ہے دیارِ نور پر

یا نبی ایسا مجھے منظر دکھایا شکریہ

 

آپ کی رحمت کے صدقے یا نبی مرزا کو بھی

اپنے شہرِ نور کا مہماں بنایا شکریہ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ