اردوئے معلیٰ

ہدیۂ اشک ملے، درد کی سوغات ملے

کاسۂ عشق ہے خالی کوئی خیرات ملے

 

بھر دے کشکول سماعت کو ہمیشہ کے لئے

لبِ لعلیں سے ترے ایسی کوئی بات ملے

 

کھیل چلتا ہی رہے گرچہ لپٹ جائے بساط

مات ہونی ہے تو پھر ایسی کوئی مات ملے

 

خاک اُڑانے کو ملی وسعتِ آشوبِ جہاں

غم اٹھانے کو ترے شہر میں دن رات ملے

 

اور کیا چاہئے دہلیزِ محبت سے تری

گلشنِ عمر ملا، پھول سے لمحات ملے

 

شکریہ کرتی رہے گی یہ نظر جھک جھک کر

کبھی مجھ سے جو تری چشمِ عنایات ملے

 

ہمکلام آپ ہوئے بھی تو غزل کی صورت

ہمیں اظہار کے پردے میں حجابات ملے

 

ہم سمجھتے تھے اُن آنکھوں میں ہر اُلجھن کا جواب

پڑھنا آیا تو ہزاروں ہی سوالات ملے

 

نہ شکایت، نہ محبت، نہ تغافل کی نظر

بزمِ یاراں میں بھی روٹھے ہوئے جذبات ملے

 

خوف کچھ اپنی جسارت کا تھا، کچھ اُن کا ادب

جب کبھی اُن سے ملے ہم بڑے محتاط ملے

 

کام سے آتے ہیں ملنے تو ہزاروں ہی ظہیرؔ

دل یہ کرتا ہے کوئی بہرِ ملاقات ملے

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے

اشتہارات

لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔

حالیہ اشاعتیں

اشتہارات

اشتہارات