اردوئے معلیٰ

Search

ہر آن ملی سب کو دوا میرے نبی سے

ہر ایک نے پائی ہے شفا میرے نبی سے

 

اک حشر کے دن ہو گی ملاقات گھڑی بھر

جب ہو گی شفاعت کی عطا میرے نبی سے

 

خوش رنگ جو بلبل بھی چہکتے ہیں گلوں پر

ان سب کے چہکنے کی ادا میرے نبی سے

 

وہ شخص مقدر کا دھنی ہوتا ہے پل پل

ملتی ہے سدا جس کو دعا میرے نبی سے

 

بارش بھی برستی ہے وسیلے سے نبی کے

بادل کے گرجنے کی صدا میرے نبی سے

 

مہکے ہوئے منظر جو ملے سارے جہاں کو

پاتے ہیں وہ سب حُسنِ ادا میرے نبی سے

 

روحوں سے کہا ہو گا خدا نے یہ فلک پر

دنیا میں سدا کرنا وفا میرے نبی سے

 

دنیا بھی ملی اس کو تو عقبیٰ بھی ملے گی

کر لے جو زمانے میں وفا میرے نبی سے

 

قائم جو مدینے سے یہ آتی ہے صبا بھی

گلرنگ یہ کرتی ہے فضا میرے نبی سے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ