اردوئے معلیٰ

ہر لمحہ خیالوں میں مدینے کی فضا ہے

جینے کا سہارا مِرے آقا کی ثنا ہے

 

ہونٹوں پہ سجائی ہیں مناجات کی کلیاں

آنکھوں میں بسی گنبدِ خضرٰی کی ضیا ہے

 

مدحت میں جو بُنتی ہوں مَیں اشعار کی لڑیاں

سب کچھ یہ مِرے شاہِ دوعالم کی عطا ہے

 

پھیلی ہے گُلابوں کی مہک گوشۂ دل میں

سانسوں میں رواں ذکرِ نبی اور خدا ہے

 

کرتی ہوں میں پیش آپ کو صلوات کے تحفے

یہ کام رہے جاری مرے دل کی دعا ہے

 

بھر دیتے ہیں دامن کو حضور اپنے کرم سے

دینے پہ وہ قادر ہیں ، سخا اُن کی جُدا ہے

 

ہے نازؔ کی حسرت کہ ملے اِس کو وُہ رستہ

جس رستے پہ سرکار کا نقشِ کفِ پا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ

اردوئے معلیٰ

پر

خوش آمدید!

گوشے۔۔۔