اردوئے معلیٰ

ہم سے اب ہجر ہمارا نہیں دیکھا جاتا

دور سے شہر تمہارا نہیں دیکھا جاتا

 

عرش نے آپ کے نعلین کو دیکھا ، تو کہا

اس سے اوپر کا نظارا نہیں دیکھا جاتا

 

منکرِ شانِ شفاعت یہ بتا! کیوں تجھ سے

بے سہاروں کا سہارا نہیں دیکھا جاتا

 

قدسی ہو کر بھی خطاکاروں کے جیسے تو نہیں

اُن سے تو طیبہ دوبارہ نہیں دیکھا جاتا

 

ہو کے شبیر کا شیدائی جہنم میں جلے

مصطفٰی سے یہ نظارا نہیں دیکھا جاتا

 

ایڑیاں دیکھ کے بولے یہ جنابِ خورشید

حُسنِ سرکار ہے ، سارا نہیں دیکھا جاتا

 

دیکھئے قلبِ تبسم کی طرف بھی آقا

خواہشِ وصل کا مارا نہیں دیکھا جاتا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ