اردوئے معلیٰ

یہ وحشتوں کی جو تاثیر میری آنکھ میں ہے

کسی سراب کی تصویر میری آنکھ میں ہے

 

تو اپنے خواب کو آئینہ عدو میں نہ بو

کہ تیرا خطہءِ تعبیر میری آنکھ میں ہے

 

ہنسا جو تجھ پہ کبھی آئینہ ، مجھے ملنا

ترے جمال کی توقیر میری آنکھ میں ہے

 

اسی لیے کوئی منظر مجھے نہیں بھاتا

کسی نظر کا بجھا تیر میری آنکھ میں ہے

 

وہ اک سخن جو کبھی تھا تمہارے ہونٹوں پر

اسی کی آج یہ تفسیر میری آنکھ میں ہے

 

ہے اپنا کلیہءِ تطہیر بھی خرد افزوں

اگر وہ خواب کی تاثیر میری آنکھ میں ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ