اردوئے معلیٰ

Search

میں نے سیکھا ہے صحابہؓ ہی سے ایمان عزیزؔ

کس طرح اُنؓ کی محبت کا نہ اعلان کروں

قربِ آقا کا بھی امکان ہے ان کے ہی طفیل

کیوں نہ آقا کی معیت کا میں سامان کروں

 

میری مائیں ہیں سب اَزواجِؓ رسولِ اکرم

ان میں تفریق کسی طور نہیں کر سکتا

وہ جو اعداء کی بنائی ہوئی باتیں ہیں عزیزؔ

اُن پہ اِک لمحہ کو بھی غور نہیں کر سکتا

 

جانتا ہوں کہ ہیں زینبؓ بھی نبی کی دُختر

تھیں رقیہؓ بھی اِمام دوسرا کی بیٹی

اُمِّ کلثومؓ بھی تھیں آپ کی دختر بے شک

فاطمہ زہراؓ بھی تھیں باغِ رسالت کی کلی

 

ساری اولادِ نرینہ مرے آقا کی عزیزؔ

محترم میرے لیے ہے کہ نبی زاد ہے وہ

ہے جو بدخواہِ نبی بس وہی اَبتر ہے یہاں

کیوں کہ اس ضمن میں ظالم، ستم ایجاد ہے وہ

 

مذہَبِ حق یہ عقیدہ ہے کہ اطرافِ نبی

جس قد صاحبِ ایمان تھے، سب عادل تھے!

ساری ازواجؓ تھیں اصحابؓ کے مانند نجوم!

اور اولادوں میں سب لوگ مہِ کامل تھے!

 

ہے یہ تعلیم نبی کوئی فضیلت میں عزیزؔ

کسی انسان سے بڑھ کر نہیں تقویٰ کے بغیر

نسب و نسل کی کچھ قدر نہیں اِس کے سوا

کہ ہوں ایمان میں کامل وہ حسنؓ ہوں کہ عمیرؓ

 

ہوں وہ اصحابؓ کہ ازواجؓ کہ اولادِ نبی

سب کی تعظیم ہی واجب ہے مسلمانوں پر

لوگ جو کرتے ہیں توہین کسی کی بھی عزیزؔ

ظلم کرتے ہیں وہ خود اپنے تئیں جانوں پر

 

وہ مُوَرِّخ وہ مقرِر وہ محدِّث وہ فقیہ!!

جو بزرگوں پہ کرے طعن وہ خود جاہل ہے

اپنے اِس فعل سے کرتا ہے وہ خود کو ہی خراب

ایسے افراد کی لاریب، سقر منزل ہے!

ایسے ناری سے محبت تو نہیں ہو سکتی!

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ