اردوئے معلیٰ

Search

اپنی مشکل کو یوں آسان کیا جاتا ہے

جا تجھے راندہء دیوان کیا جاتا ہے

 

خوش نصیبوں کو عطا ہوتا ہے یہ رزق طلب

عشق ہر اک کو کہاں دان کیا جاتا ہے

 

کلمہ وصل تجھے ایسے پڑھاؤں صاحب

جیسے کافر کو مسلمان کیا جاتا ہے

 

میں تو خوش باش دکھائی بھی نہیں دیتی ہوں

صرف جی لینے کا سامان کیا جاتا ہے

 

کاش وہ وقت بھی آئے کہ کہے حاکم وقت

اب ہر اک شہر کو ملتان کیا جاتا ہے

 

آ مری مرگ پہ ماتم کی اجازت ہے تجھے

زندہ لاشوں کا بھی ارمان کیا جاتا ہے

 

مدتوں ان کے خسارے ہی نہیں جاتے ہیں

اپنے ہاتھوں سے جو نقصان کیا جاتا ہے

 

میرے اندر جو مری میں ، تو بتانے دو ناں

مرنے والوں کا تو اعلان کیا جاتا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ