اردوئے معلیٰ

Search

اپنے بھاگ جگانے والے کیسے ہوں گے

اُن سے ہاتھ ملانے والے کیسے ہوں گے

 

نقشِ قدم میں چاند ستارے بکھرے ہیں

جادۂ عرش پہ جانے والے کیسے ہوں گے

 

چشمِ لطف سے ذرّے ، سورج چاند ہوئے

راہوں میں بچھ جانے والے کیسے ہوں گے

 

اشک کے جگنو کالی شب کو نور کریں

دل میں دیے جلانے والے کیسے ہوں گے

 

بھینی بھینی خوشبو سے گھر مہکا ہے

شب کو خواب میں آنے والے کیسے ہوں گے

 

اک اک سانس میں سَو سَو بار فداِ ہونا

وہ گھر بار لٹانے والے کیسے ہوں گے

 

جن کے ناز اٹھانے پر ہو حق کو ناز

اُن کے ناز اٹھانے والے کیسے ہوں گے

 

سِدرہ ، رُوح القدس کی بھی حدِ پرواز

اُس سے آگے جانے والے کیسے ہوں گے

 

دردِ محبت دل میںر کھ کر کیا پھرنا

درد میں جاں سے جانے والے کیسے ہوں گے

 

نعت وہی ہے مسلمؔ جو مقبول ہوئی

چادرِ خلعت پانے والے کیسے ہوں گے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ