اردوئے معلیٰ

Search

اگر ہے زندگی مقصود بھائی

پرائی آگ میں مت کود بھائی

 

ہمیں خوابوں کی عادت ہی نہیں ہے

ہمارے شوق ہیں محدود بھائی

 

یہ ہنگامہ سنائی کس کو دے گا

یہاں کوئی نہیں موجود بھائی

 

کوئی تو سانحہ جھیلا ہے تم نے

چمک آنکھوں کی ہے مفقود بھائی

 

فصیلِ ذات میں الجھی ہوئی ہوں

سبھی راہیں ہوئیں مسدود بھائی

 

خدا خود کو سمجھنے لگ گئے ہیں

کئی فرعون اور نمرود ، بھائی

 

یہ سب کو بھسم کردے گی یقینا”​

یہ نفرت ہوگئی بارود بھائی

 

کوئی بھی منتظر میرا نہیں ہے

میرا اب لوٹنا بے سود بھائی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ