اردوئے معلیٰ

Search

تیرا اقرار چاہیے ہے مجھے

اور ہر بار چاہیے ہے مجھے

 

تیری تصویر ٹانگنے کے لیے

ایک دیوار چاہیے ہے مجھے

 

میں ادھورا ہوں اور کہانی میں

تیرا کردار چاہیے ہے مجھے

 

مجھ کو رکنا نہیں ہے اب لیکن

تیرا اصرار چاہیے ہے مجھے

 

چاہتیں بانٹنے کو نکلا ہوں

بس ترا پیار چاہیے ہے مجھے

 

باغ میں پھول کھل رہے ہوں جب

تیرا دیدار چاہیے ہے مجھے

 

آج کی شام کتنی بوجھل ہے

کوئی میخوار چاہیے ہے مجھے

 

تیری رائے سے اختلاف نہیں

کھل کے اظہار چاہیے ہے مجھے

 

خواب کو دیکھنا ہے پوری طرح

آنکھ بیدار چاہیے ہے مجھے

 

پھول کاغذ پہ خود بنا لوں گا

صرف مہکار چاہیے ہے مجھے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ