اردوئے معلیٰ

Search

حقیقتاً ہے رضا ذوالجلال کی‘ اُن کی

خدا کو چاہئے ہر وقت بس خوشی ان کی

 

نہیں بھٹکتے غلام اُن کے راہِ حق سے کبھی

خیال رکھتی ہے خود شانِ رہبری اُن کی

 

اُنھی کے حسن کا صدقہ ہے مہرو ماہ کا نور

کہ مہر و ماہ نے پائی ہے روشنی ان کی

 

کلام حق میں ’’اَطِیْعُواالرَّسُوْل‘‘ کا معنی

خدا کے قرب کا رستہ ہے پیروی اُن کی

 

جہان بھر کی شہی سے کہیں فزوں تر ہے

جو مل سکے مجھے اک بار نوکری اُن کی

 

یہ گنج بخش و فریدو معین و صابر و غوث

سبھی کو اسوئہ کامل ہے زندگی اُن کی

 

اُنھی کے در سے ملا جس قدر ملا مجھ کو

کہ میری جھولی میں خیرات ہے سبھی اُن کی

 

طفیل سرورِ دیں صبحِ نو سے شام تلک

مرے لبوں پہ رہی نعت ہر گھڑی ان کی

 

دعا ہے ربِّ دو عالم سے اک یہی ازہرؔ

کرے زباں مری توصیف دائمی اُن کی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ