اردوئے معلیٰ

Search

خدایا! نعت لکھنے کا شعور و آگہی دے دے

درِ محبوب پر گزرے، مجھے وہ زندگی دے دے

 

مجھے جور و جفا کے مرمریں ایوان ڈستے ہیں

مجھے آقا کے نقشِ پا، مدینہ کی گلی دے دے

 

میں حمد و نعت میں صبح و مسا مسرور رہتا ہوں

درُودوں سے مزیّن، مجھ کو ذوقِ بندگی دے دے

 

ترے محبوب کا میں نعت گو، تیرا ثنا گو ہوں

خیالوں کو مرے تابندگی دے، دل کشی دے دے

 

وہ جن کا بوریا تختِ شہی تھا، اُن کے صدقے میں

قناعت کر عطا ہم کو، ہمیں پھر سادگی دے دے

 

ترے محبوب کی اُمت ہوئی خوار و زبوں پھر سے

ہمیں پھر سر بلندی دے، ہمیں پھر سروری دے دے

 

ظفرؔ مانگو دعا یہ گڑ گڑا کر ربِّ اکبر سے

ہمیں محبوب سے اپنے وہ پھر وابستگی دے دے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ