اردوئے معلیٰ

Search

 

روح طیبہ کی فضا میں ہے مِرے تن میں نہیں​

"کون کہتا ہے مِری پرواز گلشن میں نہیں "​

 

آپ کے صدقے میں سب کچھ دے دیا اللہ نے​

کونسی نعمت مِرے بھرپور دامن میں نہیں​

 

ہے محیطِ ہر دوعالم سبز گنبد کی بہار​

کونسا منظر مِرے آقا کے مسکن میں نہیں​

 

آپ کے اوصاف لفظوں میں بیاں کیسے کروں​

اتنی گنجائش ابھی توصیف کے فن میں نہیں​

 

گریہء ہجرِ محمد میں انوکھا لطف ہے​

جو مزہ آنکھوں کے جل تھل میں ہے ساون میں نہیں​

 

جس کے پتوں پر نہ ہو تحریر نامِ مصطفےٰ​

ایسا کوئی پیڑ میرے گھر کے آنگن میں نہیں​

 

آپ کے روضے کی جالی سے جو چھنتی ہے ایاز​

وہ تجلی وقت کے تاریک روزن میں نہیں​

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ