اردوئے معلیٰ

Search

 

رُخِ زیبا نگاہوں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

جبیں ہے اُن کے پاؤں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

 

رواں ہوں خیزاں و اُفتاں، رواں اشکِ مسلسل ہیں

رواں مَیں اُن کی را ہوں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

 

مرا ہر لمحہ، ہر لحظہ، مرا ہر پل گزرتا ہے

درُودوں میں، ثناؤں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

 

خُدا کی حمد سُنتا ہوں، نبی کی نعت سُنتا ہوں

فضاؤں میں، خلاؤں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

 

حضوری کا سماں ہے اب سرور و کیف ملتا ہے

نمازوں میں، دُعاؤں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

 

یہ ہے بندہ نوازی آپ کی ذرّہ نوازی ہے

میں اُڑتا ہوں ہواؤں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

 

ظفرؔ کے سر پہ اُن کا دستِ الطاف و محبت ہے

میں رحمت کی رداؤں میں، مرا دل ذکر کرتا ہے

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ