اردوئے معلیٰ

Search

زمانہ بھیک جس سے مانگتا ہے

وہ سرکارِ دو عالم کا گدا ہے

 

کسی کا ہو نہیں سکتا وہ ہرگز

نبی کے نام پر جو بک چکا ہے

 

جو دل سے سرورِ عالم کو چاہے

خدائے پاک اس کو چاہتا ہے

 

جہاں روضہ ہے میرے مصطفیٰ کا

وہیں سے جنتوں کا راستہ ہے

 

بھلا ڈوبے گی کیسے میری کشتی

کرم سرکار کا جب ناخدا ہے

 

مجھے کیا فکر ہو ہر دو سرا کی

مرے ہمراہ جب آقا مرا ہے

 

بہاریں چومتی ہیں پاؤں اس کے

وہ سوئے شہرِ طیبہ جا رہا ہے

 

کروں میں کیوں نہ ذکرِ سرورِ دیں

کہ ان کا ذکر تو ذکرِ خدا ہے

 

نبی کی یاد کا سایہ ہے جب سے

عروجِ چرخ میرے زیرِ پا ہے

 

مری سوچوں کے ہر اک زاویے میں

دیارِ مصطفیٰ جلوہ نما ہے

 

جو چلتے ہیں نبی کے راستے پر

مجیبؔ ان کو زمانہ ڈھونڈتا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ