لمحہ لمحہ بڑھ رہی ہے شان ورفعت آپ کی
سب رسولوں سے ہوئی افضل فضیلت آپ کی
آپ سے وابستگی لطف و عنایت آپ کی
آپ کے رحم و کرم سے ہے رفاقت آپ کی
آپ سے میرا سکوں ہے آپ سے میرا قرار
اطمینانِ قلب کو حاصل شفاعت آپ کی
خالق یکتا کو سب نے ایک مانا ہے اگر
وجہِ اقرارِ خدا اِک ہے شہادت آپ کی
ہر نبی کو قوم واحد کی طرف بھیجا گیا
کُل جہاں کے واسطے لیکن رسالت اپ کی
وہ جماعت جس میں سارے انبیا ہیں متقدی
مسجدِ اقصیٰ میں دیکھی ہے امامت آپ کی
عظمتِ شانِ محمد کی حقیقت ہے یہی
آپ کا رب ہی فقط جانے حقیقت آپ کی
آپ کے دربارِ اقدس میں رہے حاضر اعجاز
یہ کرم کیجے کہ مل جائے اجازت آپ کی
عرض کرتا ہے یہ دربارِ مقدس میں اعجاز
روضۂ انور پہ ہو جائے زیارت آپ کی