اردوئے معلیٰ

Search

مسافت کو خوشی سے دلبری کے نام کرتے ہیں

مدینے کے جو راہی راستوں میں شام کرتے ہیں

 

دیارِ بخت میں جب بھی ہوائے رنج آتی ہے

تو ذکرِ شاہ سے ہم چارہِ آلام کرتے ہیں

 

نفاق و جہل کے موسم میں تیرے آستانوں کے

غلاموں کا یہ شیوہ ہے محبت عام کرتے ہیں

 

کمالِ سروری ہے وہ تمہارے تین سو تیرہ

نہتے ، لشکرِ جرّار کو ناکام کرتے ہیں

 

علاقہ اَوج کو بھی ہے ترے کارِ غلامی سے

جو سلطاں کر نہیں سکتے ترے خُدّام کرتے ہیں

 

کلاہِ قیصری رکھتے ہیں وہ پیروں کی ٹھوکر میں

جو عاشق دو جہاں تیری گلی کے نام کرتے ہیں

 

جہاں ذوقِ اسیری خار ہو شاخِ جہالت کا

وہاں نوکر ترے، زنجیر کو گلفام کرتے ہیں

 

ہمیں فرقہ پسندی میں الجھنا ہی نہیں ہم تو

نبی کی نعت پڑھتے ہیں مبارک کام کرتے ہیں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ