اردوئے معلیٰ

Search

میں جسم نبی روح ہے، میں طور وہ شعلہ

میں چشم نبی نور ہے، میں شمع وہ جلوہ

 

میں دُر ہوں نبی آب ہیں، میں تیغ وہ جوہر

میں سیپ وہ نیساں ہیں، وہ دریا ہیں میں قطرہ

 

میں مَس ہوں نبی زر ہیں، میں ہوں خاک وہ اکسیر

میں سنگ وہ ہے لعل، وہ خورشید میں ذرّہ

 

میں گل ہوں نبی بُو ہیں، میں معدوم وہ ہیں ہست

میں تشنہ ہوں وہ دریا ہیں، میں بیجاں وہ مسیحا

 

میں چہرہ نبی حُسن ہیں، میں شب ہوں وہ ہیں ماہ

میں گل ہوں وہ ہے رنگ، میں ہوں زشت وہ زیبا

 

میں دل ہوں نبی یاد ہے، میں رحل وہ قرآں

میں تخت ہوں وہ فوق ہے، میں پست وہ بالا

 

میں نحس نبی سعد، میں ہوں ضعف وہ طاقت

میں بد ہوں وہ ہے نیک، میں مردہ وہ مسیحا

 

میں عام نبی خاص، میں اسفل ہوں وہ افضل

وہ شمع میں پروانہ، وہ ہے شاہ میں بردا

 

میں درد وہ شافی ہے، میں نسخہ ہوں وہ اکسیر

میں زخم وہ مرہم ہے، میں کاہل وہ مداوا

 

میں رنج نبی رحم ہے، میں درد وہ رحمت

میں دیدہ وہ ابصار، میں ہوں کور وہ بینا

 

میں تن ہوں نبی سر ہے، وہ اعلٰی ہے میں ادنیٰ

میں تخت وہ بالا ہے ،میں ادنٰی ہوں وہ اعلٰی

 

میں مُہر نبی نقش ہے، میں حرف وہ معنی

میں تخت وہ ہے شاہ، میں بندہ ہوں وہ آقا

 

میں کون نبی کون ہیں، میں کیا ہوں وہ ہیں کیا

میں سُنّؔی نبی شرع ،میں سُنّی ہوں وہ اہدا​

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ