اردوئے معلیٰ

Search

وہ جو محبوبِ ربّ العالمیں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

جو ختم الانبیا و مرسلیں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

 

وہ جو شیریں لب و شیریں دہن ہے، وہ جس کی گفتگو میں بانکپن ہے

صدا جس کی مثالِ انگبیں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

 

کھِلے گُلشن ہیں جس کے دم قدم سے، جہاں روشن ہے جس کے دم قدم سے

وہی نورِ خُدا نورِ مبیں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

 

مقام اُونچا کیا جس کا خُدا نے، بڑا رُتبہ دیا جس کو خُدا نے

وہ جس کے زیرِ پا عرشِ بریں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

 

ہوئے جب رُوبرو معراج کی شب، ہٹا ڈالے گئے پردے تھے جو سب

ہوئے صدیقؓ گویا بالیقیں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

 

وہاں جھکتے ہیں سر سب خودسروں کے، نہ آنسو واں تھمیں دیدہ وروں کے

جہاں خیر البشر مسند نشیں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

 

ظفرؔ سے بے نواؤں کا سہارا، وہی ہمدرد و مونس ہے ہمارا

وہی عُشاق کے دِل کے قریں ہے، وہی تو رحمۃ اللعالمیں ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ